چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مالی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

 لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک: چیمپئنز ٹرافی میں مبینہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہونے والے نقصان کے حوالے سے بھارتی میڈیا کے دعوے کی حقیقت سامنے آگئی ذرائع کے مطابق، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس ٹورنامنٹ کے تمام اخراجات خود برداشت کیے۔ چیمپئنز ٹرافی کے لیے آئی سی سی نے 70 ملین ڈالرز کا بجٹ مختص کیا تھا، اور اسی بجٹ سے تمام مالی امور نمٹائے گئے۔ مزید یہ کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو میزبانی کے بدلے 6 ملین ڈالرز کی فیس ملی، جو ہر میزبان ملک کو دی جاتی ہے، جبکہ اس رقم سے کسی بھی اخراجات کی کٹوتی نہیں کی جاتی۔ علاوہ ازیں، گیٹ منی بھی میزبان ملک کو حاصل ہوتی ہے، تاہم اس حوالے سے معاملات ابھی مکمل نہیں ہوئے۔



مزید یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ دبئی میں کھیلے جانے والے پانچ میچز کی میزبانی کا معاملہ تاحال حل طلب ہے۔ تمام مالیاتی امور مکمل ہونے کے بعد ہی پی سی بی کو حتمی صورتحال کا علم ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 29 سال بعد کسی آئی سی سی ایونٹ کے انعقاد کے پیش نظر اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن ضروری سمجھی گئی، جس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اقدامات کیے۔ اس منصوبے کے بجٹ کی منظوری پی سی بی گورننگ بورڈ کی جانب سے دی گئی تھی۔