لاہور / مانیٹرنگ ڈیسک: پی ایس ایل 10 کے 19ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بولنگ کے دوران لاہور قلندرز کے فاسٹ بولرز شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک نمایاں سنگ میل عبور کیا۔
دونوں بولرز نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں 300، 300 وکٹیں مکمل کرلیں۔ شاہین آفریدی نے یہ کارنامہ 216 میچز میں انجام دیا، جب کہ حارث رؤف نے 228 میچز کھیل کر 300 وکٹیں مکمل کیں۔
شاہین آفریدی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 300 وکٹیں مکمل کرنے والے سب سے تیز پاکستانی بولر بن گئے ہیں، جبکہ حارث رؤف اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس سے قبل محمد عامر اور وہاب ریاض نے 256، 256 میچز میں یہ کارکردگی دکھائی تھی۔
عالمی سطح پر بھی شاہین آفریدی اب ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 300 وکٹیں لینے والے چوتھے تیز ترین بولر بن گئے ہیں۔