, لاہور / مانیٹرنگ ڈیسک: لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 88 رنز سے شکست دے دی، پی ایس ایل 10 میں یونائیٹڈ کی پہلی ناکامی ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 19ویں میچ میں لاہور قلندرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 88 رنز کے واضح فرق سے شکست دے دی۔ یہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
لاہور قلندرز نے بیٹنگ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز کا بڑا مجموعہ کھڑا کر دیا۔ فخر زمان نے 44 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، سکندر رضا نے 39، ڈیرل مچل نے 28، محمد نعیم نے 25 اور عبداللہ شفیق نے 22 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بلے باز سیم بلنگز نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 38 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم اور جیسن ہولڈر نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن لاہور کے باؤلرز کے سامنے نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 17 اوورز میں صرف 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ایندریس گوس 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ آغا سلمان نے 36 اور شاداب خان نے 13 رنز اسکور کیے۔ دیگر بلے باز ڈبل فگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سکندر رضا نے بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ شکست پی ایس ایل 10 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے پہلی ناکامی ثابت ہوئی، جبکہ لاہور قلندرز نے اس جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن کو بہتر کر لیا ہے