مظفرآباد:پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے اپنی ہی فضائی حدود سے پاکستان کے علاقوں بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد پر میزائل حملے کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے بغیر کسی اشتعال کے ایک بزدلانہ کارروائی کی، جس کا پاک فضائیہ نے فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے بھارت کے پانچ جنگی طیارے تباہ کر دیے۔
میجر جنرل احمد شریف نے بتایا کہ دشمن نے چند لمحے قبل مسجد سبحان اللہ، احمد پور ایسٹ (بہاولپور)، کوٹلی اور مظفرآباد میں تین مختلف مقامات پر فضائی حملے کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فضائیہ ہمہ وقت مستعد ہے اور بھارت کی یہ کارروائی انتہائی شرمناک اور بزدلانہ ہے، جو اس نے اپنی فضائی حدود کے اندر رہ کر انجام دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور پاکستان اس کا مؤثر جواب اپنے وقت اور مرضی سے دے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ یہ حملے اشتعال انگیز اور ناقابل قبول ہیں، جنہیں بغیر جواب کے نہیں چھوڑا جائے گا۔ بھارت کو وقتی خوشی ضرور ملی ہو گی، مگر اس کے نتائج کا سامنا اسے ضرور کرنا پڑے گا۔