نمازِ عید کے دوران فائرنگ کے واقعات، 2 بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق

 پشاور/ مانیٹرنگ ڈیسک: خیبر پختونخوا میں نمازِ عید کے موقع پر دو مختلف مساجد کے اندر اور باہر فائرنگ کے واقعات پیش آئے، جن میں 2 بھائیوں سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔



پولیس کے مطابق پہلا واقعہ صوابی کے علاقے گدون اُتلہ میں پیش آیا، جہاں نمازِ عید کے بعد مسجد کے باہر دو مخالف گروہوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس واقعے میں 2 بھائی جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ پرانی دشمنی کا نتیجہ تھی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ایبٹ آباد میں مسجد کے اندر فائرنگ، 1 شخص ہلاک
دوسرا واقعہ ایبٹ آباد کے کالا پل کے علاقے میں پیش آیا، جہاں عید الفطر کی نماز کے بعد مسجد کے اندر فائرنگ کر کے عمران نامی شخص کو قتل کر دیا گیا۔ اس دوران 3 دیگر افراد بھی شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی وجہ دیرینہ دشمنی بتائی جا رہی ہے۔ مقتول اور زخمیوں کو ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے۔

گرینیڈ پٹاخہ پھٹنے سے بچہ زخمی
ادھر صوابی کے ترلاندی گاؤں میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں عبداللہ نامی بچہ ہاتھ میں گرینیڈ پٹاخہ پھٹنے سے زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی، ابتدائی طبی امداد فراہم کی، اور بچے کو کالو خان اسپتال منتقل کر دیا۔