62 سالہ کرکٹر کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو، کرکٹ تاریخ میں نیا باب رقم

 سان بوزے، وسطی امریکہ/ مانیٹرنگ ڈیسک: عام طور پر کرکٹ کو نوجوانوں کا کھیل سمجھا جاتا ہے، جہاں فٹنس ایک بنیادی عنصر ہوتا ہے، اسی وجہ سے زیادہ تر کھلاڑی 40 سال کی عمر کے بعد ریٹائر ہو جاتے ہیں۔ تاہم، ایک غیر معمولی مثال نے اس تصور کو چیلنج کر دیا، جہاں ایک کرکٹر نے 60 سال کی عمر کے بعد اپنا انٹرنیشنل کیریئر شروع کرکے نئی تاریخ رقم کر دی۔



غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، فاک لینڈ جزائر کے کھلاڑی اینڈریو براؤنلی نے 62 سال کی عمر میں کوسٹا ریکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ڈیبیو کیا، جس نے کرکٹ شائقین کو حیران کر دیا۔ 10 مارچ 2025 کو فاک لینڈ جزائر کی ٹیم نے کوسٹا ریکا کے دورے کے دوران اپنا پہلا انٹرنیشنل کرکٹ میچ کھیلا، جس کے ساتھ وہ دنیا کی 106ویں ٹیم بن گئی جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل رہی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فاک لینڈ جزائر کے اسکواڈ میں شامل تمام 11 کھلاڑی 31 سال سے زائد عمر کے تھے، جبکہ 2 کو چھوڑ کر سب کی عمریں 40 سال سے زیادہ تھیں۔ ان میں سے تین کھلاڑی 56 سال سے اوپر تھے، لیکن اینڈریو براؤنلی سب سے معمر کرکٹر تھے۔ رپورٹ کے مطابق، وہ 60 سال کی عمر عبور کرنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل یا کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ فارمیٹ میں کھیلنے والے پہلے مرد کرکٹر بن گئے۔ اس سے قبل، یہ اعزاز ترکیہ کے عثمان گوکر کے پاس تھا، جنہوں نے 2019 میں رومانیہ کے خلاف 59 سال کی عمر میں اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔

اینڈریو براؤنلی نے 11 اور 12 مارچ کو بھی کوسٹا ریکا کے خلاف مزید دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انہوں نے تینوں مقابلوں میں دسویں نمبر پر بیٹنگ کی اور بالترتیب 1 رن، 2 ناٹ آؤٹ، اور 3 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلیں۔ اپنے دوسرے میچ میں، انہوں نے میڈیم پیس بولنگ کا بھی ایک اوور کروایا۔ جب انہوں نے اپنا آخری میچ کھیلا تو ان کی عمر 62 سال اور 147 دن تھی، جس نے انہیں کرکٹ کی تاریخ میں ایک منفرد مقام دے دیا۔