ڈونیڈن / مانیٹرنگ ڈیسک: ڈونیڈن میں جاری دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 136 رنز کا ہدف دیا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کا آغاز تاخیر سے ہوا، کیونکہ بارش کے سبب ٹاس میں رکاوٹ پیش آئی۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا، لیکن خراب موسم کے باعث میچ کو 15-15 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔
پاکستان کی بیٹنگ کارکردگی
پاکستانی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا، اور پہلی وکٹ صرف 1 رن پر گر گئی جب اوپنر حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد محمد حارث بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور 11 رنز بنا کر 19 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔
تیسری وکٹ 50 کے اسکور پر گری جب عرفان خان 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ چوتھی وکٹ 52 رنز پر گری، جہاں خوشدل شاہ محض 2 رنز بنا سکے۔
کپتان آغا سلمان نے 46 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، لیکن 76 کے مجموعے پر وہ بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس کے بعد شاداب خان نے 26 رنز کی اننگز کھیلی اور 110 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی ساتویں وکٹ 111 رنز پر گری، جہاں جہانداد خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اسی طرح عبدالصمد 11 رنز بنا کر 114 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے، جبکہ حارث رؤف 1 رن بنا کر 135 پر رن آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان نے 15 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 136 رنز کا ہدف دے دیا۔
ٹیم میں تبدیلی
اس میچ کے لیے پاکستان نے ایک تبدیلی کی، اسپنر ابرار احمد کی جگہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کو پانچ میچوں کی اس سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔