اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ عید الفطر سے پہلے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق 25 سے 27 مارچ کے دوران بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشیں ہو سکتی ہیں، جبکہ پہاڑوں پر برفباری اور ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بونیر، دیر، مالاکنڈ، صوابی، چارسدہ، ایبٹ آباد اور پشاور میں 25 سے 27 مارچ تک بارشیں متوقع ہیں، جبکہ کرک، لکی مروت، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 25 اور 26 مارچ کے دوران بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، مری اور گلیات میں بھی ان ہی دنوں کے دوران بارش اور برفباری کی توقع ہے، جبکہ وسطی پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارشیں ہو سکتی ہیں۔
سندھ میں 25 اور 26 مارچ کے دوران گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، زیارت، ژوب، موسیٰ خیل، چمن اور مستونگ میں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید آندھی اور ژالہ باری کے باعث بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مختلف مقامات پر شدید ژالہ باری سے کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔