نئی دہلی / مانیٹرنگ ڈیسک: بھارت کے سابق آل راؤنڈر اور موجودہ کمنٹیٹر عرفان پٹھان کو آئی پی ایل کے کمنٹیٹرز کے پینل سے نکال باہر کر دیا گیا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق عرفان پٹھان نے دوران کمنٹری متوازن تبصرے کی بجائے کچھ بلے بازوں کے خلاف متعصب کلمات کہتے ہوئے ان کی بلے بازی کو بے جا قسم کی تنقید کا نشانہ بنایا۔ جس کے بعد انھیں کمنٹیٹرز کے پینل سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔ عرفان پٹھان کے خلاف اٹھائے گئے اقدام پر کرکٹ مداحوں نے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا ۔کچھ نے عرفان پٹھان کے خلاف فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے ان کی کمنٹری کو غیر مہذب اور فضول قرار دیا
جبکہ کچھ لوگ یہ بات کہتے ہوئے بھی سنائی دیے کہ عرفان پٹھان کو نکالنے کی وجہ یہ تھی کہ انھوں نے کمنٹری کے دوران روہت شرما ، ویرات کوہلی اور ہارڈک پانڈیا جیسے نمایاں اور بااثر کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جس کی شکایت ممکنہ طور پر جے شاہ سے کی گئی ہو گی اور انھوں نے عرفان پٹھان کو نکال باہر کیا ہو گا۔ یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ وہی عرفان پٹھان ہیں جو بھارت نوازی کے فرائض ادا کرتے ہوئے پاکستان مخالف بیانیے اور بے لاگ تبصروں کے لیے بھی خاص شہرت رکھتے ہیں ۔ عرفان پٹھان کو ورلڈکپ 2023 کے دوران بھی کمنٹری کے فرائض سونپے گئے تھے تاہم انھوں نے پاکستان کے خلاف افغانستان کی فتح پر اپنے منصب کے برخلاف جانبدارانہ رویہ اپناتے ہوئے میدان میں جا کر پاکستان کی شکست کا جشن مناتے ہوئے افغان کھلاڑیوں کے سات رقص کرنا شروع کر دیا تھا۔ اس بھونڈی حرکت اور غیر پیشہ ورانہ رویے پر انھیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل سیزن میں کمنٹری کا معاہدہ طے پا جانے کے بعد کمنٹیٹرز کو کروڑوں روپے سیلری دی جاتی ہے اور ظاہر ہے عرفان پٹھان لگی ہوئی روزی پر لات لگنے سے خاصے دلبرداشتہ ہوئے ہوں گے۔