اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان میں شوال المکرم کا چاند کب نمودار ہوگا؟ ایک نئی پیش گوئی سامنے آئی ہے۔محکمہ موسمیات نے پاکستان میں شوال کا چاند دیکھائی جانے (یعنی عید الفطر) کی پیش گوئی جاری کی ہے جس کے مطابق عید الفطر پیر، 31 مارچ کو منایا جا سکتا ہے۔ اس پیش گوئی کے مطابق چاند کی پیدائش 29 مارچ (ہفتے کے روز) کو 3:58 بجے متوقع ہے اور 30 مارچ کو چاند کی عمر تقریباً 27 گھنٹے ہوگی۔
غروب آفتاب کے بعد چاند تقریباً 70 منٹ تک آسمان پر نظر آئے گا، جبکہ ماہرین کا خیال ہے کہ 20 گھنٹے کا چاند براہ راست انسانی آنکھ سے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے برعکس، 16 تا 18 گھنٹے کے چاند کو صرف دوربین کی مدد سے دیکھا جا سکتا ہے، جس کی بنا پر 30 مارچ کو چاند کا براہ راست مشاہدہ ممکن ہے۔
علاوہ ازیں، وفاقی حکومت نے بھی آج عید الفطر کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے جس کے تحت 31 مارچ (پیر) سے 2 اپریل (بدھ) تک عید کی تین چھٹیاں مقرر کی گئی ہیں۔ کابینہ ڈویژن نے بھی عید کی سرکاری تعطیلات کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، حالانکہ صوبائی سطح پر ابھی تک اس کا باضابطہ اعلان نہیں ہوا ہے۔

