جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حسین احمد انتقال
کر گئے۔حافظ حسین احمد کے بیٹے منیر احمد کے مطابق وہ کافی عرصے سے گردوں کی بیماری میں مبتلا تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین کے بارے میں بعد میں اعلان کیا جائے گا۔
جمعیت علمائے اسلام نے بھی اپنے آفیشل فیس بک پیج پر ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ حافظ حسین احمد ماضی میں سینیٹر اور رکن قومی اسمبلی کے طور پر خدمات انجام دے چکے تھے۔
دوسری جانب، جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حافظ حسین احمد کی وفات کے ساتھ حسین یادوں کا ایک باب ختم ہو گیا۔ وہ نہایت ذہین، برجستہ گفتگو کرنے والے اور نظریاتی پارلیمانی رہنما تھے۔

