لاہور : پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار جاوید شیخ نے بالی وڈ اداکار عمران ہاشمی کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار تجربے کا ذکر کیا۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران، انہوں نے بتایا کہ فلم جنت میں کام کرتے ہوئے عمران ہاشمی کا رویہ ان کے ساتھ غیر مہذب تھا۔
جاوید شیخ نے بتایا کہ فلم کے پروڈیوسر مہیش بھٹ تھے اور اس کے ڈائریکٹر بھی ایک نئے فرد تھے۔ جب انہیں فلم کی کہانی سنائی گئی، تب تک ان کی عمران ہاشمی سے ملاقات نہیں ہوئی تھی۔ بعد ازاں، جب فلم کی شوٹنگ کے لیے ٹیم جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن پہنچی، تو پہلے سین کی عکس بندی اسٹیڈیم میں ہونا تھی۔ وہیں ڈائریکٹر نے عمران ہاشمی سے ان کا تعارف کرایا، جس پر جاوید شیخ نے مصافحے کے لیے ہاتھ بڑھایا، مگر عمران ہاشمی نے نظرانداز کرتے ہوئے رخ پھیر لیا اور چلے گئے۔ اس رویے پر جاوید شیخ کو شدید غصہ آیا اور انہوں نے حیرانی کا اظہار کیا کہ جب سلمان خان، اکشے کمار اور شاہ رخ خان جیسے بڑے اداکار عزت و احترام سے پیش آتے ہیں، تو محض چند سال سے انڈسٹری میں موجود عمران ہاشمی خود کو کیا سمجھتے ہیں؟
انہوں نے مزید بتایا کہ بعد میں جب ڈائریکٹر نے ایک سین کی ریہرسل کے لیے انہیں عمران ہاشمی کے پاس جانے کو کہا، تو انہوں نے انکار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ عمران خود ان کے پاس آئیں۔ ڈائریکٹر کے بلانے پر عمران ہاشمی آئے، اور ریہرسل مکمل کی گئی۔ تاہم، جاوید شیخ نے واضح کیا کہ پوری فلم کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے نہ تو عمران ہاشمی سے کوئی گفتگو کی اور نہ ہی ان کی طرف دیکھا۔