آئی سی سی بھارت کو لگام دے، اینڈی رابرٹس

گیانا / مانیٹرنگ ڈیسک: ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈری فاسٹ بولر اینڈی رابرٹس نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھارتی کرکٹ بورڈ قرار دیتے ہوئے اس پر جانبداری کا الزام عائد کیا۔



اپنے بیان میں اینڈی رابرٹس نے کہا کہ بھارت کو پچھلے سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی خاص فائدہ پہنچایا گیا، کیونکہ اسے پہلے ہی معلوم تھا کہ وہ سیمی فائنل کہاں کھیلے گا۔ انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ بھارت کو اس ٹورنامنٹ میں سفر بھی نہیں کرنا پڑا، جو حیران کن ہے۔

رابرٹس نے آئی سی سی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ درحقیقت، یہ انڈین کرکٹ بورڈ بن چکا ہے، جہاں بھارت ہر فیصلے پر اثر انداز ہوتا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر کل بھارت یہ مطالبہ کرے کہ نو بال اور وائیڈ بال کے قوانین ختم کیے جائیں، تو آئی سی سی اس کا بھی کوئی حل نکال لے گا۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ بھارت ہر چیز پر اجارہ داری قائم نہیں کر سکتا، اس لیے آئی سی سی کو چاہیے کہ وہ بھارت کے اثر و رسوخ کو مسترد کرے اور غیرجانبدار فیصلے کرے۔