کیا روہت شرما ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں ؟

دوبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی خبروں پر ردعمل دے دیا۔چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کی فتح کے بعد پریس کانفرنس ختم ہوتے ہی روہت شرما نے اپنی ریٹائرمنٹ کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ انہوں نے واضح کیا، "میں ریٹائر نہیں ہو رہا، یہ سب محض افواہیں ہیں۔ لوگ جھوٹے دعوے کرنا چھوڑیں اور کرکٹ پر توجہ دیں۔"



دبئی میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے روہت نے ٹیم کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی اور اسپنرز کے کردار کو کامیابی کا اہم عنصر قرار دیا۔ ان کے مطابق، "جب معلوم ہوا کہ ٹورنامنٹ دبئی میں ہوگا، تو ہم نے چار اسپنرز کو ٹیم میں شامل کیا کیونکہ وہاں کی پچز مسلسل استعمال ہو رہی تھیں، ایسے میں اسپنرز جیت میں اہم کردار ادا کر سکتے تھے، اور ہمارے اسپنرز نے شاندار کارکردگی دکھائی۔"

فائنل کے دوران مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے روہت نے تسلیم کیا کہ ابتدائی تین وکٹیں جلدی گرنے سے ٹیم دباؤ میں آگئی تھی۔ انہوں نے کہا، "یہ ایک چیلنجنگ لمحہ تھا، لیکن جیت کے لیے بڑی شراکت داری ضروری تھی، اور ٹیم نے دباؤ کو بخوبی سنبھالا۔"

روہت شرما نے 2023 کے ورلڈ کپ فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کو بھی یاد کیا۔ ان کے بقول، "احمد آباد میں ہوم کراؤڈ کے سامنے ورلڈ کپ فائنل ہارنا افسوسناک تھا، مگر پچھلے تین سالوں میں ہماری کارکردگی شاندار رہی۔ ہم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا، چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی حاصل کی اور مزید ٹائٹلز کے لیے بھی تیار ہیں۔"

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا میں چیمپئنز ٹرافی کے بعد روہت شرما کی ون ڈے ریٹائرمنٹ کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ وہ پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے کنارہ کشی اختیار کر چکے ہیں، لیکن اب انہوں نے ون ڈے کرکٹ چھوڑنے کی افواہوں کو مسترد کر دیا ہے۔