دوبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر نہ کرنے کے حوالے سے مختصر تبصرہ کیا۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پانڈیا نے کہا کہ پاکستان نہ جانے کا فیصلہ ان کے اختیار سے باہر تھا، تاہم انہیں امید ہے کہ پاکستانی شائقین نے دبئی میں کرکٹ سے بھرپور لطف اٹھایا ہوگا۔ چیمپئنز ٹرافی کی جیت کو ایک ادھورا خواب قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بالآخر یہ خواب پورا ہوا۔
2017 کے چیمپئنز ٹرافی فائنل میں شکست کو یاد کرتے ہوئے ہاردک پانڈیا نے کہا کہ آٹھ سال ایک طویل عرصہ ہے، لیکن اس بار فائنل جیتنے کے بعد پورے بھارت میں جشن کا سماں ہوگا، یہ کامیابی عوام کے لیے ایک خاص تحفہ ہے۔
اپنے بچپن کے ایک دلچسپ واقعے کو یاد کرتے ہوئے پانڈیا نے بتایا کہ وہ شاید کینیا کی ٹیم کے مداح لگتے تھے، اسی لیے کینیا کے کھلاڑیوں نے انہیں اپنا سپورٹر سمجھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ سات سال کے تھے اور کینیا کی ٹیم کے قریب جانے کی کوشش کر رہے تھے تو سیکیورٹی گارڈز نے روک دیا، تاہم کینیا کے کھلاڑیوں نے اشارہ کرکے کہا کہ یہ تو اپنا ہی لگتا ہے، اسے مت روکو۔
اپنی شاندار بیٹنگ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ہاردک پانڈیا نے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں لگائے گئے طویل چھکوں کے حوالے سے کہا کہ میدان میں وہی پرفارمنس نظر آتی ہے جو ٹریننگ کے دوران مسلسل پریکٹس کی جاتی ہے۔ انہوں نے چوکوں اور چھکوں کی بارش کرنے کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ شاٹس لگانے کے لیے سانس آہستہ لیں، گیند کو قریب سے دیکھیں، اور اگر ہمت ہے تو پوری طاقت لگا کر شاٹ کھیلیں، گیند خود بخود گراؤنڈ کے باہر چلی جائے گی۔