لاہور / مانیٹرنگ ڈیسک: ایک پاکستانی پوڈکاسٹر نے انکشاف کیا ہے کہ معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے انٹرویو کے لیے بھاری معاوضے کا مطالبہ کیا تھا۔
حالیہ ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کے دوران پوڈکاسٹر نے بتایا کہ انہوں نے ہانیہ عامر کو اپنے پوڈکاسٹ میں شرکت کی دعوت دی، تاہم اداکارہ نے انٹرویو کے بدلے 20 لاکھ روپے (2 ملین) معاوضے کا تقاضا کیا۔ پوڈکاسٹر کا کہنا تھا کہ وہ اب تک 400 سے 500 پوڈکاسٹ کر چکے ہیں لیکن کبھی کسی مہمان کو ادائیگی نہیں کی، اس لیے انہوں نے سوچا کہ ہانیہ عامر کے لیے استثنیٰ کیوں دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹری میں تمام فنکار برابر ہیں، کوئی بڑا یا چھوٹا نہیں۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی مقبول ہیں، لیکن وہ شاذ و نادر ہی انٹرویوز دیتی ہیں۔ ان کا زیادہ تر رجحان کمرشلز، ماڈلنگ اور ڈراموں کی طرف دیکھا جاتا ہے۔