دوبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: چیمپئنز ٹرافی کے فائنل سے پہلے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو زبردست دھچکا لگا ہے، کیونکہ ان کے اہم فاسٹ بولر میٹ ہنری انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔ بھارت کے خلاف گروپ اسٹیج میں 5 وکٹیں لینے والے میٹ ہنری کی فائنل میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میٹ ہنری کی فائنل میں شرکت ابھی غیر یقینی ہے۔ وہ چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ کے کامیاب ترین بولر رہے ہیں، 16.70 کی اوسط سے 10 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، اور بھارت کے خلاف 2 مارچ کو کھیلے گئے گروپ میچ میں 5 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے تھے۔
میٹ ہنری کو لاہور میں جنوبی افریقا کے خلاف سیمی فائنل کے دوران کیچ پکڑتے ہوئے چوٹ لگی، جس کے بعد وہ تکلیف میں نظر آئے اور میدان سے باہر چلے گئے۔ تاہم، انجری کے باوجود انہوں نے جنوبی افریقا کی اننگز کے آخری لمحات میں 2 اوورز کرائے۔
ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے امید ظاہر کی کہ وہ فائنل تک صحت یاب ہو سکتے ہیں، تاہم انجری کے باعث وہ شدید تکلیف میں ہیں۔ ان کے اسکین کروائے جا چکے ہیں اور ٹیم مینجمنٹ انہیں کھیلنے کا پورا موقع دینا چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان اتوار 9 مارچ کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔