بلوچستان میں زکوٰۃ فنڈز کی مبینہ بے ضابطگیوں پر وزیر اعلیٰ کا بڑا فیصلہ

کوئٹہ/ مانیٹرنگ ڈیسک: وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے میں محکمہ زکوٰۃ کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زکوٰۃ فنڈز کے غلط استعمال اور بدعنوانی کو روکنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔



انہوں نے بتایا کہ محکمہ زکوٰۃ ہر سال مستحقین میں 30 کروڑ روپے تقسیم کرتا ہے، لیکن اس پر آنے والے اخراجات 160 کروڑ روپے تک پہنچ چکے ہیں۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومت سالانہ ایک ارب 60 کروڑ روپے فلاحی کاموں میں خرچ کرتی ہے، لیکن بدعنوانی کے باعث اس کا درست استعمال نہیں ہو رہا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ محکمہ زکوٰۃ کے پاس 80 گاڑیاں موجود ہیں، جبکہ مستحق افراد کو زکوٰۃ کی رقم فراہم نہیں کی جا رہی۔ اس صورتحال کے پیش نظر، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ 30 کروڑ روپے ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے براہ راست مستحقین میں تقسیم کیے جائیں گے، تاکہ زکوٰۃ کا نظام شفاف بنایا جا سکے۔