لاہور: معروف گلوکارہ نصیبو لال گھریلو تشدد کا شکار، شوہر کے خلاف مقدمہ درج

لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک: شاہدرہ ٹاؤن میں معروف گلوکارہ نصیبو لال کو مبینہ طور پر ان کے شوہر نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقدمہ درج کر لیا گیا اور معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



نصیبو لال کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ وہ صحن میں بیٹھی تھیں جب ان کے شوہر نے بدزبانی کی اور پھر قریب پڑی اینٹ اٹھا کر ان کے سر پر دے ماری، جس سے ان کے چہرے اور ناک پر شدید زخم آئے۔ گلوکارہ کا کہنا ہے کہ ان کا شوہر اکثر ان سے جھگڑتا ہے، لیکن اس بار اس نے بدکلامی کے ساتھ اینٹ مار کر تشدد کیا، جو ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے شوہر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ نصیبو لال پاکستان کی معروف فوک گلوکارہ ہیں، جو اردو، پنجابی، سرائیکی اور مارواڑی زبانوں میں گانے گاتی ہیں۔ وہ پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے ترانے کی گلوکارہ بھی رہی ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ماڈل اور اداکارہ زینب جمیل بھی اپنے سابق شوہر پر جان لیوا حملے کا الزام عائد کر چکی ہیں۔