او جی ڈی سی ایل نے اٹک میں گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے

اٹک / مانیٹرنگ ڈیسک: آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے پنجاب کے ضلع اٹک میں سوغری بلاک کے سوغری نارتھ-ون کنویں سے گیس اور کنڈینسیٹ کے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔



ترجمان کے مطابق او جی ڈی سی ایل اس بلاک کی واحد لائسنس یافتہ کمپنی ہے اور اس کا 100 فیصد ورکنگ انٹرسٹ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کنویں کی کھدائی 21 مئی 2024 کو شروع کی گئی تھی، اور تقریباً 4,942 میٹر کی گہرائی میں گیس کے ذخائر ملے۔ ابتدائی ٹیسٹنگ کے مطابق، کنویں سے یومیہ 13.95 ملین مکعب فٹ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) گیس اور 430 بیرل کنڈینسیٹ حاصل ہو رہا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اس دریافت سے پاکستان کے مقامی توانائی وسائل میں اضافہ ہوگا اور درآمدات پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔