کرائسٹ چرچ/ مانیٹرنگ ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے آل راؤنڈر خوشدل شاہ پر پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ عائد کر دیا۔ خوشدل شاہ کو نیوزی لینڈ کے کھلاڑی زیکری فولکس سے ٹکرانے کے واقعے پر سزا دی گئی۔
یہ واقعہ پاکستان کی اننگز کے آٹھویں اوور میں پیش آیا جب خوشدل شاہ گیند کروانے والے بولر زیکری فولکس سے پیچھے سے آ کر ٹکرا گئے۔ آئی سی سی کے مطابق، خوشدل کا یہ عمل 'غیر مناسب جسمانی رابطہ' کے زمرے میں آتا ہے، جو 'شدید قوت کے ساتھ کیا گیا، غیر ذمہ دارانہ اور بچنے کے قابل' تھا۔
اس خلاف ورزی پر خوشدل شاہ کو آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی سطح 2 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان کی میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی، آئی سی سی نے ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں تین ڈی میرٹ پوائنٹس بھی شامل کر دیے، جو کہ 24 ماہ میں ان کی پہلی خلاف ورزی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق، خوشدل شاہ نے امپائرز اور میچ ریفری جیف کرو کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کو قبول کر لیا، جس کے باعث کسی باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ خوشدل شاہ پاکستان کی اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے، جب کہ پوری ٹیم 18.4 اوورز میں محض 91 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کے دونوں اوپنرز صفر پر آؤٹ ہوئے، جبکہ سات کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ دوسری جانب، نیوزی لینڈ نے 92 رنز کا ہدف محض ایک وکٹ کے نقصان پر 59 گیندیں قبل ہی حاصل کر کے پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔