ممبئی/ مانیٹرنگ ڈیسک: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ملیکہ شیراوت نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ہٹ فلم "ویلکم" کے شوٹنگ سیٹ پر ان کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اداکار انیل کپور اور سینئر اداکار نانا پاٹیکر آپس میں جھگڑتے رہتے تھے۔
ملیکہ شیراوت نے حال ہی میں راجکمار راؤ اور ترپتی ڈمری کے ساتھ "وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو" کے ذریعے فلمی دنیا میں دوبارہ قدم رکھا ہے۔ یوٹیوب چینل کو دیے گئے اس انٹرویو میں انہوں نے اپنی پچھلی فلموں کے تجربات پر گفتگو کی اور 2007 میں ریلیز ہونے والی رومانوی کامیڈی "ویلکم" کے دوران پیش آنے والے مضحکہ خیز واقعات کا ذکر بھی کیا۔
انہوں نے ایک قصہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ "ویلکم" کے سیٹ پر انیل کپور اور نانا پاٹیکر اپنی توجہ حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ جھگڑتے تھے جس کی وجہ سے انہیں خاص محسوس ہوتا تھا۔ ملیکہ شیراوت نے مزید کہا کہ دونوں اداکار نہ صرف بہترین انسان ہیں بلکہ فنکارانہ اعتبار سے بھی نمایاں ہیں۔
انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ فلم کی شوٹنگ دبئی میں ہوئی تھی جہاں شدید گرمی کی وجہ سے میک اپ بگڑ رہا تھا، مگر کسی کو اس کی پرواہ نہیں تھی کیونکہ ہر کوئی جلد از جلد شوٹنگ مکمل کرکے گھر جانے کو بے تاب تھا۔
فلم "ویلکم" کی کاسٹ میں انیل کپور، اکشے کمار، نانا پاٹیکر، اداکارہ کترینہ کیف اور ملیکہ شیراوت سمیت دیگر اداکار شامل تھے، اور فلم کی کامیابی کے بعد اس کا سیکوئل "ویلکم بیک" 2015 میں ریلیز ہوا تھا۔