ممبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: 'ایک حسینہ تھی'، 'بدلاپور' اور 'اندھادھن' جیسی شہرت یافتہ فلموں کے ہدایتکار سری رام راگھون نے حال ہی میں شاہ رخ خان کی 1993 میں ریلیز ہونے والی فلم 'بازیگر' سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سری رام راگھون نے بتایا کہ اپنے کیریئر کے ابتدائی اور مشکل دور میں انہوں نے ایک ناول پڑھتے ہوئے ایک منفرد کہانی کا تصور کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے نہایت محنت سے اس کہانی کو مکمل تحریر کیا اور فلم بنانے کے لیے پروڈیوسر تلاش کرنے نکل کھڑا ہوا، اس وقت مجھے حقوق اور قانونی معاملات کا کوئی خاص ادراک نہیں تھا۔
سری رام راگھون نے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جب میں نے یہ کہانی معروف اداکار و ہدایتکار ٹنّو آنند کو سنائی تو وہ حیران رہ گئے اور بتایا کہ یہ کہانی تو 'بازیگر' ہے، جو اُس وقت زیرِ تکمیل تھی اور جس میں وہ خود بھی کام کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ 'بازیگر' فلم کو ہدایتکار جوڑی عباس مستان نے ناول 'A Kiss Before Dying' سے ماخوذ کر کے وینس فلمز کے بینر تلے تخلیق کیا تھا۔
سری رام راگھون نے مزید کہا کہ جب میں سنیما میں 'بازیگر' دیکھنے گیا تو لوگ فلم کے کلائمکس سے محظوظ ہو رہے تھے، لیکن میں خاموشی سے بیٹھا رہا کیونکہ مجھے پہلے سے علم تھا کہ اگلے مناظر میں کیا ہونے والا ہے