بابر اعظم نے کراچی کنگز کیوں چھوڑا؟ راشد لطیف کا انکشاف

 کراچی/ مانیٹرنگ ڈیسک: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز راشد لطیف نے ایک یوٹیوب انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ بابراعظم کو کراچی کنگز نے 2022 کے ٹی20 ورلڈکپ کے فوراً بعد ہی ریلیز کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ ان کے مطابق جب پاکستان نے اس عالمی کپ میں بابر اعظم کی قیادت میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، تب فرنچائز نے ایک بار پھر ان سے رابطہ کیا، تاہم بابر نے خود کو الگ کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔



راشد لطیف نے بتایا کہ کراچی کنگز میں موجود ایک شخصیت کی وجہ سے بابر اعظم نے علیحدگی اختیار کی اور فرنچائز کو تحریری طور پر مطلع کیا کہ وہ آئندہ ان کا حصہ نہیں رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم نے پی ایس ایل میں وائلڈ کارڈ کا استعمال بھی صائم ایوب جیسے بہترین ڈومیسٹک کھلاڑی کے لیے نہیں کیا، حالانکہ وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ریلیز ہو چکے تھے۔

چند روز قبل کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے ایک بیان میں کہا تھا کہ فرنچائز بابر اعظم کو نمبر 3 پر بیٹنگ کروانا چاہتی تھی، مگر بابر اس پر رضامند نہیں ہوئے۔ اگر وہ یہ کردار قبول کر لیتے تو آج بھی ٹیم کا حصہ ہوتے۔

یاد رہے کہ بابر اعظم ہمیشہ سے بطور اوپنر کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں، خواہ وہ قومی ٹیم ہو یا پی ایس ایل۔ لیگ میں وہ 76 اننگز میں اوپننگ کرتے ہوئے 47.01 کی اوسط اور 129.13 کے اسٹرائیک ریٹ سے 3103 رنز بنا چکے ہیں۔
پی ایس ایل 2023 سے قبل کراچی کنگز نے انہیں پشاور زلمی کے ساتھ ٹریڈ کر دیا، جہاں وہ کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ تاہم پی ایس ایل کے دسویں سیزن میں ان کی شروعات کچھ خاص نہیں رہی، کیونکہ ابتدائی دو میچز میں وہ صفر اور ایک رن پر آؤٹ ہوئے، اور ان کی ٹیم کو بھی دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔