پاکستان ویمنز ٹیم کی شاندار کامیابی، کوالیفائر کے آخری میچ میں بنگلادیش کو شکست

 لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک: آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر کے آخری میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے بنگلادیش کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلادیشی ویمن ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز اسکور کیے، جن میں ریتو مونی نے 48 اور فہیمہ خاتون نے 44 رنز کے ساتھ نمایاں کارکردگی دکھائی۔



پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جب کہ فاطمہ ثناء اور ڈیانا بیگ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے 40ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ منیبہ علی نے 69 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ عالیہ ریاض 52 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے کوالیفائر مرحلے میں اپنے تمام پانچ میچز جیتے اور ناقابل شکست رہ کر ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کیا۔ واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کا انعقاد رواں سال بھارت میں ہو گا۔