پاکستان نے پہلگام اور جعفر ایکسپریس حملے کی عالمی سطح پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

 لاہور:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان پہلگام واقعے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا چاہتا ہے تاکہ اصل حقائق واضح ہوں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے، اور اگر کوئی غیر جانبدار ادارہ پہلگام واقعے کی تحقیقات کرے گا تو پاکستان مکمل تعاون کرے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے جعفر ایکسپریس حملے کی غیر جانبدار تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔



محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، اور پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی منصوبے کے تحت پاکستان میں آئی ای ڈیز کے ذریعے تباہی پھیلانے کی کوشش کی جارہی تھی تاہم گزشتہ تین دن میں انٹیلی جنس اداروں نے سات آئی ای ڈیز برآمد کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی ایل اے اور را ایک ہی قوت کے دو چہرے ہیں۔ پہلگام واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اتنے بڑے واقعے کے صرف دس منٹ بعد ایف آئی آر درج ہونا ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اسرائیلی عناصر مقبوضہ کشمیر میں پہنچ چکے ہیں اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔