لندن / مانیٹرنگ ڈیسک: لندن میں شرپسند عناصر نے پاکستانی ہائی کمیشن کی عمارت پر حملہ کرتے ہوئے شیشے توڑ ڈالے۔
حملہ آوروں نے نہ صرف عمارت کے شیشے توڑے بلکہ سرخ رنگ بھی پھینکا۔ پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے اس واقعے کی اطلاع فوری طور پر میٹروپولیٹن پولیس کو دے دی ہے۔
لندن پولیس نے پاکستانی ہائی کمیشن پر حملے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ جمعے کی شام بھارتی مظاہرین نے پاکستان ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کیا تھا، جس دوران نازیبا حرکات پر میٹروپولیٹن پولیس نے دو بھارتی شہریوں کو گرفتار بھی کیا تھا۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے