آعلی سرکاری ملازمین اور بیگمات کے بے نظیر انکم سپورٹ کی رقم لینے کا انکشاف

اسلام آباد: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے سرکاری ملازمین، پنشنرز اور ان کے اہل خانہ کو مالی امداد دیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔



پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جنید اکبر کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں انکشاف کیا گیا کہ بی آئی ایس پی کے تحت ان افراد کو بھی رقوم فراہم کی گئیں جو اس امداد کے لیے اہل نہیں تھے۔ آڈٹ حکام نے بتایا کہ 2352 سرکاری ملازمین اور 704 پنشنرز کی بیگمات کو مجموعی طور پر 8 کروڑ 98 لاکھ روپے کی غیر قانونی ادائیگیاں کی گئیں۔

مزید بتایا گیا کہ بی آئی ایس پی کی پالیسی کے مطابق وہ افراد جو 30 ہزار روپے سے زائد پنشن وصول کرتے ہیں، امداد کے اہل نہیں ہوتے، تاہم گریڈ 1 سے گریڈ 20 تک کے سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کو رقم دی گئی۔ ان میں گریڈ 15 کے 263، گریڈ 16 کے 42، گریڈ 17 کے 21، گریڈ 18 کے 15، گریڈ 19 کے 11 اور گریڈ 20 کے 3 ملازمین یا پنشنرز شامل ہیں۔