کوئٹہ / مانیٹرنگ ڈیسک: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دہشت گردوں نے انسداد پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہو گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر مستونگ، اکرم حریفال نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کلی تیری کے علاقے میں پیش آیا، جہاں انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور لیویز اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں نیک محمد موقع پر ہی شہید ہو گیا، جبکہ زخمی اہلکار مقصود احمد کو فوری طور پر نواب غوث بخش میموریل ہسپتال لے جایا جا رہا تھا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔
اکرم حریفال نے مزید بتایا کہ اطلاع ملنے پر وہ خود نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے، جہاں پولیس اور دیگر سیکیورٹی ادارے پہلے سے موجود تھے اور شواہد اکٹھا کر رہے تھے۔ واقعے کے بعد ضلع بھر میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، بالخصوص انسداد پولیو مہم میں شامل ٹیموں کی حفاظت کے لیے نواب غوث بخش میموریل اور سول ہسپتال مستونگ سمیت مختلف مقامات پر نفری بڑھا دی گئی ہے۔ کلی تیری میں پیش آنے والے حملے کے بعد پولیو مہم کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا، تاہم سیکیورٹی انتظامات کے بعد یونین کونسل میں مہم دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔