ممبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے جاری سیزن میں ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں ہونے والے باقی میچز کے لیے معروف کمنٹیٹرز ہارشا بھوگلے اور سائمن ڈول کو کمنٹری پینل سے الگ کر دیا ہے۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب دونوں مبصرین نے پچ کیوریٹرز سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا، جس پر کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے سیکریٹری نریش اوجھا نے تقریباً دس دن قبل درخواست دی کہ ایڈن گارڈنز میں ہونے والے میچز میں ان دونوں کو کمنٹری ٹیم سے ہٹا دیا جائے۔
کرک بز سے بات کرتے ہوئے سائمن ڈول نے کہا کہ اگر اجنکیا رہانے کی ٹیم (کولکتہ نائٹ رائڈرز) کو ایڈن گارڈنز کے پچ کیوریٹرز کی حمایت حاصل نہیں ہے تو انہیں نیا ہوم گراؤنڈ تلاش کرنا چاہیے۔
دوسری جانب، ہارشا بھوگلے نے بھی رائے دی تھی کہ چونکہ کولکتہ نائٹ رائڈرز اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیل رہی ہے، اس لیے انہیں ایسی پچز دستیاب ہونی چاہییں جو ان کے بولرز کے لیے سازگار ہوں۔
قابل ذکر ہے کہ پیر کو کولکتہ نائٹ رائڈرز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان ہونے والے میچ میں دونوں کمنٹیٹرز موجود نہیں تھے۔
ہارشا بھوگلے کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں کولکتہ نائٹ رائڈرز کے کسی میچ کے لیے کمنٹری کی ذمہ داری نہیں دی گئی تھی، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ فیصلہ کرکٹ ایسوسی ایشن کی شکایت کے بعد لیا گیا یا پہلے سے طے شدہ تھا۔