گوجرنوالہ / مانیٹرنگ ڈیسک: گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیرآباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ریلی پر فائرنگ اور حملے کے کیس میں مرکزی ملزم نوید احمد کو دو بار عمر قید کی سزا سنادی۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں 3 نومبر 2022 کو وزیرآباد میں ہونے والے حملے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ فیصلے میں عدالت نے ملزم نوید احمد کو دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی، جبکہ مقدمے کے دیگر دو ملزمان طیب بٹ اور وقاص کو بری کردیا گیا۔
عدالت نے ملزم نوید کو معظم نامی شہری کے قتل کے جرم میں ایک بار عمر قید اور دہشت گردی کے جرم میں ایک اور بار عمر قید کی سزا سنائی۔ اس کے علاوہ چار افراد کو زخمی کرنے کے جرم میں نوید کو تین سے پانچ سال قید کی سزائیں اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
دوران سماعت، بانی تحریک انصاف کی عدم حاضری اور عدم تعاون کے باعث عدالت نے ان کا حق صفائی ختم کردیا۔ عدالت نے انہیں آٹھ مرتبہ طلب کیا، اور کئی بار اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کا حکم دیا گیا، لیکن وہ بطور گواہ اپنا بیان ریکارڈ نہیں کروا سکے۔
یاد رہے کہ 3 نومبر کو وزیرآباد میں لانگ مارچ کے دوران چیئرمین تحریک انصاف کے کنٹینر پر فائرنگ ہوئی تھی، جس میں ایک شخص جاں بحق اور عمران خان سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔ پولیس نے واقعے کے فوری بعد حملہ آور کو گرفتار کرلیا تھا۔ عمران خان نے اس حملے کا الزام رانا ثناء اللہ، شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کی قیادت پر عائد کیا تھا

