امریکی لڑکی شادی کےلئے چھوٹے سے بھارتی گاؤں کے لڑکے کے پاس پہنچ گئی

 نئی دہلی / مانیٹرنگ ڈیسک: عشق کا کوئی رنگ، نسل، ذات یا امیری غریبی سے تعلق نہیں ہوتا، اور یہی ایک حیرت انگیز واقعہ بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں پیش آیا، جہاں ایک امریکی خاتون نے ایک دیہاتی نوجوان سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔



بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، آندھرا پردیش کے اس چھوٹے سے گاؤں میں اب ہلچل مچی ہوئی ہے، جو ایک انسٹاگرام لو اسٹوری کی وجہ سے خبریں بنا رہا ہے۔ اس کہانی میں رومیو ایک دیہاتی نوجوان ہے اور جولیٹ ایک امریکی حسین لڑکی ہے۔

یہ جوڑا انسٹاگرام پر صرف 14 ماہ تک بات کرتا رہا، جس کا آغاز صرف ایک "Hi" میسج سے ہوا تھا۔ اس مختصر مدت میں، دونوں نے یہ محسوس کیا کہ وہ ایک دوسرے کے لیے ہی ہیں۔ پھر کیا تھا، گوری میم نے امریکہ سے پرواز کی اور آندھرا پردیش کے اس گاؤں پہنچ کر شادی کا اعلان کردیا۔

امریکی خاتون، جیکولین فاریرو، جو پیشے کے لحاظ سے فوٹوگرافر ہیں، نے بتایا کہ انسٹاگرام پر بات چیت کے دوران انہوں نے چندن سے اپنی والدہ سے بات بھی کرائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتنے اہم فیصلہ کرنے سے پہلے وہ اپنی والدہ کا اعتماد حاصل کرنا چاہتی تھیں، اور اسی لیے وہ شادی کرنے کے لیے بھارت آئی ہیں۔