بھارت: جوتا چھپائی کی رسم میں رقم کا تنازع، دلہن والوں نے دولہا کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا
بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع بجنور میں ایک شادی کی تقریب اُس وقت ہنگامہ آرائی کا شکار ہوگئی جب جوتا چھپائی کی رسم میں دلہن والوں کی مطلوبہ رقم پوری نہ ہونے پر جھگڑا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق اتراکھنڈ سے تعلق رکھنے والا محمد شبیر اپنی بارات لے کر بجنور پہنچا تھا۔ تقریب کے دوران جوتا چھپائی کی رسم ادا کی گئی جس میں دلہن والوں نے 50 ہزار روپے طلب کیے، تاہم شبیر نے اپنی مالی استطاعت کے مطابق صرف 5 ہزار روپے دیے۔ اس پر دلہن کے خاندان نے ناراضی کا اظہار کیا، یہاں تک کہ کچھ خواتین نے دولہا کو 'بھکاری' کہہ دیا، جس پر دونوں خاندانوں میں تلخ کلامی شروع ہوئی جو جلد ہی شدید لڑائی میں بدل گئی۔ شبیر کو ایک کمرے میں بند کرکے لاٹھیوں سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
دلہن کے اہل خانہ کا دعویٰ تھا کہ دولہے والوں نے سونے کے زیورات کے معیار پر سوالات اٹھائے تھے اور انہیں لڑکی سے زیادہ پیسے عزیز تھے۔ صورتحال خراب ہونے پر پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں فریقین کو تھانے بلا کر معاملہ سلجھایا، جس کے بعد فریقین میں صلح کروا دی گئی۔