سلمان بٹ کے کمنٹری کرنے پر فرنچائز کے اعتراض کا حیران کن جواب

لاہور / مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کمنٹری پینل میں اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ سابق کپتان سلمان بٹ کی شمولیت پر ٹیموں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ 2010 میں لارڈز ٹیسٹ کے دوران فکسنگ اسکینڈل کے باعث سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر کو جیل کی سزا کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم ان میں سے صرف محمد عامر ہی پابندی ختم ہونے کے بعد دوبارہ قومی ٹیم میں واپس آ سکے۔ آصف طویل عرصے سے امریکہ میں مقیم ہیں، جبکہ سلمان بٹ اس وقت لاہور میں واقع غنی گلاس انسٹی ٹیوٹ آف کرکٹ کے سربراہ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔



ذرائع کے مطابق، جب پی ایس ایل کی فرنچائزز کو معلوم ہوا کہ سلمان بٹ کو کمنٹری ٹیم میں شامل کیا جا رہا ہے، تو انھوں نے ایک مشترکہ خط میں انتظامیہ سے درخواست کی کہ کمنٹری پینل میں کسی ایسے فرد کو شامل نہ کیا جائے جس کا ماضی کسی غیر اخلاقی سرگرمی یا سزا سے جڑا ہو، کیونکہ یہ لیگ کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ تاہم، انتظامیہ نے یہ مطالبہ نظر انداز کر دیا اور اگلے ہی دن جاری کردہ کمنٹری پینل میں سلمان بٹ کا نام بھی شامل تھا۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا کہ چونکہ سلمان اردو میں کمنٹری کریں گے، اس لیے بین الاقوامی سطح پر ان کی موجودگی کا اثر نہیں پڑے گا۔ واضح رہے کہ حال ہی میں سلمان بٹ نے پی سی بی ڈیجیٹل کے لیے کرکٹرز کے انٹرویوز بھی کیے تھے، جبکہ 2023 کے اختتام پر وہاب ریاض نے انہیں بطور مشیر نامزد کیا تھا، لیکن عوامی ردعمل کے بعد یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لے لیا گیا۔ اس وقت سلمان بٹ جس ادارے سے منسلک ہیں، اس کا ایک نمائندہ پی سی بی کے گورننگ بورڈ کا بھی حصہ ہے۔