گلین میکسویل کا رویہ ناقابلِ برداشت ہو گیا ،بھارتی بورڈ نے کڑی سزا سنا دی

 ممبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی کرکٹ بورڈ نے گلین میکسویل پر آئی پی ایل میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کردیا۔



آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر گلین میکسویل، جو انڈین پریمیئر لیگ میں پنجاب کنگز کی نمائندگی کر رہے ہیں، کو بی سی سی آئی نے ایک میچ کے دوران ضابطے کی خلاف ورزی پر سزا دی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسویل نے پنجاب کنگز اور چنئی سپر کنگز کے درمیان ہونے والے میچ میں آئی پی ایل کے قوانین کی خلاف ورزی کی، جس کے نتیجے میں اُن کی میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ میکسویل نے آرٹیکل 2.2 کے تحت لیول 1 کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا، جو میچ کے دوران فکسچر یا دیگر سامان کے غلط استعمال سے متعلق ہے۔ میچ ریفری نے ان کی معافی قبول کرتے ہوئے فیصلہ برقرار رکھا۔

میکسویل کی خلاف ورزی کی نوعیت کیا تھی؟

آرٹیکل 2.2 ان تمام حرکات پر لاگو ہوتا ہے جو کھیل کے عمومی دائرہ کار سے باہر ہوں، جیسے جان بوجھ کر یا غصے میں وکٹوں کو نقصان پہنچانا، کسی چیز پر زور سے بلّا مارنا یا شور شرابہ کرنا۔ اس قانون کے تحت کھلاڑی اس وقت مجرم تصور ہوتا ہے جب وہ جذبات میں آ کر کسی چیز کو نقصان پہنچائے، جیسے اشتہاری بورڈ کو بلے سے مارنا۔

یاد رہے کہ اس میچ میں پنجاب کنگز نے چنئی سپر کنگز کو شکست دی تھی۔