بھارت نے ایشیا کپ سے پاکستان کو نکالنے کی تیاری کر لی

ممبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: سابق بھارتی کپتان اور کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرلیا، ان کے بیانات میں انتہاپسندانہ سوچ جھلکنے لگی۔

ایک انٹرویو کے دوران گواسکر نے کہا کہ وہ ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کی شرکت کے حامی نہیں، اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان کو اس ایونٹ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق، موجودہ پاک-بھارت تناؤ کے پیش نظر بھارتی کرکٹ بورڈ ہمیشہ حکومت کی پالیسی کے مطابق ہی فیصلے کرتا ہے، اور اس معاملے میں بھی کوئی مختلف صورتحال نظر نہیں آتی۔



انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ بھارت اور سری لنکا ایشیا کپ کے مشترکہ میزبان ہیں، لیکن اگر سیاسی حالات نہ بدلے تو وہ پاکستان کو اس ٹورنامنٹ کا حصہ بنتے نہیں دیکھتے۔ سنیل گواسکر نے یہ بھی تجویز دی کہ بھارت، ہانگ کانگ یا یو اے ای جیسی ٹیموں کو سہ یا چہار ملکی سیریز کے لیے مدعو کر کے، ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کا وجود بھی غیر مؤثر کر سکتا ہے۔