راولپنڈی/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارتی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پاک فضائیہ نے دشمن کے تین جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔ ترجمان کے مطابق، پاکستانی فضائیہ کے تمام طیارے بحفاظت اپنے اڈوں پر واپس پہنچ چکے ہیں اور کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
جوابی کارروائی میں پاک فضائیہ نے بھارت کے ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا، جبکہ ایل او سی پر دودنیال سیکٹر میں میزائل حملے کے ذریعے دشمن کی ایک اہم پوسٹ کو بھی نشانہ بنا کر ختم کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ پاک فوج نے برنال سیکٹر اور سیالکوٹ کے علاقے ہیڈ مرالہ میں بھارتی فوج کے تین ڈرون طیارے بھی مار گرائے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے اسکائی نیوز نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی جانب سے کی گئی کارروائی میں بھارت کے جدید رافیل طیارے تباہ ہوئے ہیں۔