بھارت کا رات گئے کئی پاکستانی علاقوں پر وار، پاک فوج حرکت میں آ گئی

 اسلام آباد: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے متعدد پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا، جس پر پاک فوج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی بندوقیں خاموش کرا دیں۔



سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فورسز نے اتوار کی رات نکیال، کھوئی رٹہ، شاردا، کیل، نیلم اور حاجی پیر سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی۔ ان حملوں کے جواب میں پاک فوج نے دشمن کو بھرپور اور مؤثر طریقے سے جواب دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی افواج دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہیں۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کی ہلاکت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں تیزی آئی ہے۔ اس واقعے کے بعد بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسے اقدامات کیے جن پر پاکستان نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اپنے تحفظات بھرپور انداز میں ظاہر کیے ہیں۔