, لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 24ویں میچ میں بارش کی مداخلت کے باوجود کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر قیمتی 2 پوائنٹس اپنے نام کر لیے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز نے 7.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنائے تھے کہ ہلکی بارش شروع ہوگئی، جس کے باعث میچ روک دیا گیا۔ بعد ازاں، میچ کو مختصر کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کو 15،15 اوورز کھیلنے کا موقع دیا گیا۔
لاہور قلندرز نے مقررہ 15 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔ ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت کراچی کنگز کو 168 رنز کا ہدف دیا گیا۔ لاہور کی جانب سے محمد نعیم نے شاندار 65 اور فخر زمان نے 51 رنز اسکور کیے۔ کراچی کنگز کے عباس آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں کراچی کنگز نے ہدف 15ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ڈیوڈ وارنر اور ٹِم سائفرٹ نے 24،24 رنز بنائے، سعد بیگ نے 25، خوشدل شاہ نے 9 اور محمد نبی نے 15 رنز کی اننگز کھیلی۔ آخر میں عرفان خان نیازی نے 21 گیندوں پر 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ ان کی برق رفتار اننگز میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
پوائنٹس ٹیبل کی تازہ صورتحال:
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 میچز میں 11 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ بھی 8 میچز میں 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
کراچی کنگز 8 میں سے 5 میچز جیت کر 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
لاہور قلندرز 9 میچز میں 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
پشاور زلمی کو 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل ہے۔
ملتان سلطانز پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے ہے اور ایونٹ کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔