پی ایس ایل سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم کا فیصلہ ہو گیا

 لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 20ویں میچ میں کراچی کنگز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 87 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے سے باہر کر دیا۔



یہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مقررہ 20 اوورز میں کراچی کنگز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز کا مضبوط مجموعہ ترتیب دیا۔ جیمرونس نے جارحانہ انداز میں 65 رنز بنائے، عرفان خان نے 40، جبکہ خوشدل شاہ نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان ڈیوڈ وارنر نے 30 اور ٹم سائفرٹ نے 22 رنز کا حصہ ڈالا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عبید شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم دباؤ کا شکار نظر آئی اور پوری ٹیم 17ویں اوور میں صرف 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس شکست کے ساتھ ہی ملتان سلطانز کا ایونٹ میں سفر ختم ہوگیا۔ ان کی جانب سے کامران غلام 29 اور یاسر خان 26 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے بولنگ میں محمد نبی نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ میر حمزہ اور خوشدل شاہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔