پاک بھارت جنگ ہو گی یا نہیں ، را کے سابق چیف نے بتا دیا

لندن / مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے سابق سربراہ اے ایس دولت نے پہلگام واقعے کی ذمہ داری براہ راست بھارتی حکومت پر عائد کی ہے۔

انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں سکیورٹی کا کنٹرول دہلی کے پاس ہے، اس لیے پہلگام واقعے کی ذمہ داری بھی اسی پر عائد ہوتی ہے، کیونکہ وہاں سکیورٹی کا کوئی مناسب انتظام موجود نہیں تھا۔



اے ایس دولت نے پاک بھارت جنگ کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے جنگ نہیں ہوگی، حالات ابھی کشیدہ ہیں لیکن وقت کے ساتھ مکالمہ ضرور ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بات چیت میں تاخیر ہو سکتی ہے، مگر یہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان اور بھارت کو چاہیے کہ بیک چینل رابطے قائم کریں، اگر براہِ راست بات کرنا ممکن نہیں تو یہ کردار سعودی عرب، ایران یا متحدہ عرب امارات ادا کر سکتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بعض لوگ کہتے ہیں مودی اور نواز شریف کے درمیان تعلقات بہتر رہے ہیں، اور نواز شریف ہمیشہ بھارت سے اچھے تعلقات کے خواہاں رہے ہیں۔