شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان پرانا تنازع دوبارہ سرخیوں میں، قانونی کارروائی کی نوبت آ گئی

راولپنڈی / مانیٹرنگ ڈیسک: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اور معروف اسپورٹس اینکر و صحافی ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان جاری کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی ہے۔ تازہ تنازع اُس وقت سامنے آیا جب 25 مئی 2025 کو اسپورٹس پروگرام "دی ڈگ آؤٹ" کی 31ویں قسط میں شعیب اختر کے ایک بیان پر ڈاکٹر نعمان نے سخت رد



عمل دیا اور قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

پروگرام کے دوران شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سسٹم اور منیجمنٹ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے دور کا حوالہ دیا اور کہا، "ہمیں اس وقت یہ بھی معلوم نہیں ہوتا تھا کہ کوچ کون ہے یا مینیجر کون ہے۔" گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے مزید کہا، "ہمارے وقت تو یہ دیکھا جاتا تھا کہ بیگ کمرے میں پہنچے یا نہیں، مینیجر کا کام یہی ہوتا تھا۔ ڈاکٹر نعمان بیگ اٹھاتا تھا، وہی ہمارا بیگ لے کر آتا تھا اور کمپیوٹر پر کچھ لکھتا رہتا تھا۔"

شعیب اختر کے اس بیان کو ڈاکٹر نعمان نیاز نے نہ صرف توہین آمیز قرار دیا بلکہ اسے اپنی پیشہ ورانہ ساکھ پر حملہ تصور کرتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ایسے ریمارکس ذاتی وقار اور پروفیشنل عزت نفس کو مجروح کرنے کے مترادف ہیں۔