اسلام آباد/: مانیٹرنگ ڈیسک: ملک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ بالخصوص وسطی اور جنوبی پاکستان میں گرمی کی شدید لہر چل رہی ہے لیکن گرمی کی حالیہ لہر کے اثرات نے پہاڑوں کے دامن میں واقع وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بھی گھیرے میں لے لیا ہے۔ جمعرات 12 جون اسلام آباد کی 31 سالہ تاریخ کا گرم ترین دن تھا جب درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ اس سے قبل 21 جون 1994 وہ دن تھا جب 46.5 سینٹی گریڈ کی ریکارڈ گرمی پڑی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ روز ملک کے گرم ترین شہر سبی کا درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تھا ۔ تو اس طرح حیرت انگیز طور پر بالائی خطے میں واقع اسلام آباد نے ملک کے گرم ترین شہر سبی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ۔ تاہم محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ جس سے گرمی کا زور ٹوٹنے کی امید ہے ۔

