ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) – معروف بھارتی اداکارہ، ریئلیٹی شوز کی اسٹار اور مشہور گانے "کانٹا لگا" سے شہرت پانے والی شیفالی جریوالہ 42 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعرات کی شب انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد شوہر پراگ تیاگی اور دیگر تین افراد کے ہمراہ فوراً ممبئی کے ایک اسپتال لے جایا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
اسپتال حکام کے مطابق، جب شیفالی کو اسپتال لایا گیا تو وہ پہلے ہی زندگی کی بازی ہار چکی تھیں۔ اگرچہ ان کی موت کی حتمی وجہ کا اعلان تاحال نہیں ہوا، تاہم ابتدائی اطلاعات میں دل کا دورہ ہی اس سانحے کی ممکنہ وجہ قرار دی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ شیفالی جریوالہ نے 2002 میں "کانٹا لگا" کی ویڈیو سے غیر معمولی شہرت حاصل کی تھی، جس کے بعد وہ نچ بلیے اور بگ باس 13 جیسے مقبول ریئلیٹی شوز کا حصہ بھی بنیں۔ ان کی ناگہانی وفات نے نہ صرف شوبز دنیا بلکہ ان کے مداحوں کو بھی شدید رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔