امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر جاری بیان میں کہا کہ "تمام لوگوں کو مبارک ہو! ایران اور اسرائیل نے مکمل جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔"
ٹرمپ کے مطابق، یہ جنگ بندی تقریباً چھ گھنٹے بعد اس وقت شروع ہوگی جب دونوں ممالک اپنی جاری کارروائیاں مکمل کر لیں گے۔ یہ ابتدائی جنگ بندی بارہ گھنٹے جاری رہے گی، جس کے بعد اس جنگ کو "ختم شدہ" تصور کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ جنگ بندی کا آغاز ایران کرے گا، اور بارہویں گھنٹے میں اسرائیل بھی جنگ روک دے گا۔ اس دوران دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ امن اور احترام کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس جنگ کو "12 روزہ جنگ" کا نام دیا اور کہا کہ ایران اور اسرائیل نے اسے ختم کرنے کے لیے حوصلہ، استقامت اور ذہانت کا مظاہرہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ برسوں جاری رہ سکتی تھی اور پورے مشرق وسطیٰ کو تباہ کر سکتی تھی، لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے دعا کی کہ خدا اسرائیل، ایران، مشرق وسطیٰ، امریکا اور پوری دنیا پر رحم کرے۔
دوسری جانب ایران کے ایک سینیئر عہدیدار نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو کسی قسم کی جنگ بندی کی کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی۔