اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف چودھری نثار کے گھر ان سے ملنے پہنچے۔ انھوں نے شکوہ کیا ' چودھری صاحب آپ تو ہمیں بھول ہی گئے ہیں 'جس پر چودھری نثار نے جواب دیا ' نہیں ایسی کوئی بات نہیں ، بس طبیعت کچھ ٹھیک نہیں رہتی' وزیر اعظم نے چودھری نثار سے کہا ' اب آپ گھر واپس آ جائیں ' جس پر چودھری نثار نے ان سے سوچنے کےلیے کچھ وقت مانگ لیا۔ جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف واپس روانہ ہو گئے ۔واضح رہے کہ چودھری نثار کا مسلم لیگ سے 1985 سے تعلق تھا۔ تاہم اس کے بعد 2018 میں مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیے اور مریم نواز کے سیاسی طور پر فعال ہونے اور فوج اور عدلیہ کے خلاف سخت گیر بیانات پر چودھری نثار نے پارٹی سے اختلاف کیا اور پارٹی سے کنارہ کشی اختیار کی۔ انھوں نے 2018 کا قومی اور صوبائی اسمبلی کا الیکشن ازاد حیثیت سے لڑا تھا۔ قومی اسمبلی کے الیکشن میں چودھری نثار پی ٹی آئی کے غلام سرور خان سے اپنی سیٹ ہار گئے تھے تاہم صوبائی سیٹ پر الیکشن جیتنے کے باوجود انھوں نے حلف نہیں اٹھایا تھا اور سیاست سے کئی سالوں تک کنارہ کشی اختیار کیے رکھی۔ تاہم اب ایک بار پھر مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے ان سے رابطہ کیا ہے۔