پانچ سنچریاں بنا کر بھارت نے تاریخ کا بد ترین ٹیسٹ ریکارڈ اپنے نام کر لیا

 لندن / مانیٹرنگ ڈیسک: انگلینڈ نے بھارت کو پہلے ٹیسٹ میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ ہیڈنگلے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری روز  انگلینڈ نے بھارت کے 371 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا جبکہ اس کے صرف پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے ۔ انگلینڈ جانب سے اوپنر بین ڈکٹ نے شاندار سنچری سکور کی جبکہ جو روٹ اور زیک کرالی نے نصف سنچریاں بنا کر انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ سمتھ نے 44 جبکہ کپتان بین سٹوکس نے 33 رنز بنائے ۔ 



بھارت کےلیے یہ شکست اس لیے ایک بد نما یادگار بن گئی کیونکہ اس ٹیسٹ میچ میں پانچ بھارتی بلے بازوں نے سنچریاں سکور کیں ۔ اس کے باوجود بھارت ٹیسٹ میچ ہارنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی۔  بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 471 جبکہ انگلینڈ نے 465 رنز بنائے تھے۔ بھارتی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں ٹاپ آرڈر کی اچھی کارکردگی کے باوجود لوئر آرڈر کے لڑکھڑانے کی وجہ سے 364 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ آخری  روز انگلش بلے بازوں نے تیز رفتار اور دلیرانہ کھیل سے کامیابی اپنے نام کی ۔ انگلینڈ کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔۔