کراچی کے علاقے سائٹ اے ایریا میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے درمیان جھگڑا فائرنگ میں تبدیل ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ رینجرز اہلکار زخمی ہوگیا۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ دونوں اہلکاروں کے درمیان کسی بات پر تنازع ہوا، جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گلشن معمار تھانے میں تعینات پولیس اہلکار وسیم اختر جاں بحق ہوا، جبکہ 34 ونگ سے تعلق رکھنے والا رینجرز اہلکار نعمان زخمی ہو کر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ تاحال بے ہوشی کی حالت میں زیر علاج ہے۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے دو نائن ایم ایم پستول برآمد ہوئے ہیں اور ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔ رینجرز اہلکار کے ہوش میں آنے کے بعد اس کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا اور مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔