بارسلونا/ مانیٹرنگ ڈیسک: اسپین کے شہر بارسلونا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے 10 پاکستانی نژاد افراد کو دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار کر لیا۔
رپورٹس کے مطابق، گرفتار افراد کا تعلق مبینہ طور پر ایک منظم گروہ سے ہے جو میسجنگ گروپس کے ذریعے پرتشدد احکامات جاری کرتا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ گروہ ممکنہ طور پر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے منسلک ہے۔ اس کارروائی کے دوران ایک اور شخص کو اٹلی سے بھی حراست میں لیا گیا۔
یہ آپریشن 3 مارچ کی رات کو انجام دیا گیا، جبکہ سوشل میڈیا پر ان افراد کی پوسٹوں میں دہشت گردوں کی مبینہ حمایت کے شواہد بھی ملے ہیں۔ گرفتار افراد کو 6 مارچ کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ان پر دہشت گردی کی معاونت، پرچار، مالی معاونت اور بھرتیوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے۔

