چیمپئنز ٹرافی کی انعامی تقریب میں میزبان پاکستان کو نظر انداز کر دیا گیا

 لاہور / مانیٹرنگ ڈیسک: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی انعامی تقسیم کی تقریب میں میزبان ملک پاکستان کے نمائندے کو شامل نہیں کیا گیا، جس پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔



ذرائع کے مطابق، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سمیر احمد سید اسٹیڈیم میں موجود تھے، تاہم انہیں تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا۔ ماضی میں آئی سی سی کی تقریبات میں ہمیشہ میزبان ملک کے نمائندے موجود رہے ہیں، مگر اس بار ایسا نہیں ہوا۔ آئی سی سی حکام ہی تقریب میں شریک مہمانوں کا انتخاب کرتے ہیں، اور اس فیصلے پر کرکٹ حلقوں میں مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔

بھارت نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار یہ اعزاز حاصل کر لیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی کپتان روہت شرما نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور شبمن گل کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 105 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم، تجربہ کار بلے باز ویرات کوہلی فائنل میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے اور صرف دو گیندوں پر ایک رن بنا کر بریسویل کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔